پاکستانی وزیر ریلوے کی نریندرمودی کو ایوارڈ دیئے جانے پر تنقید
پاکستان کے وزیر ریلوے نے متحدہ عرب امارات و بحرین کی جانب سے ہندوستانی وزیراعظم کو ایوارڈ دیئے جانے پر تنقید کی ہے
پاکستان کے وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے پاکستان کے زیر کنٹرول کشمیر کے صدر مقام مظفرآباد میں ایک پریس کانفرنس میں متحدہ عرب امارات اور بحرین کی جانب سے ہندوستانی وزیراعظم نریندرمودی کو اعلی ترین ایوارڈ دیئے جانے کے سلسلے میں کہا کہ ان دونوں عرب ملکوں کا یہ اقدام مسلم امہ کے لئے شرمندگی کا باعث ہے-
درایں اثنا کشمیری عوام اور تنظیموں کے سربراہوں نے ہندوستانی وزیراعظم کو متحدہ عرب امارات اور بحرین کے سربراہوں کی جانب سے ایوارڈ دیئے جانے پر احتجاج کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ یہ اقدام ان دونوں ملکوں کے عوام کے جذبات کی عکاسی نہیں کرتا-
واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات اور بحرین نے ہندوستانی وزیراعظم نریندرمودی کو اپنے اپنے ملکوں کے اعلی ترین ایوارڈ سے نوازا ہے-