کشمیر پاک و ہند کے درمیان زمین کے ٹکڑے کا تنازع نہیں: راجہ فاروق حیدر
Sep ۰۲, ۲۰۱۹ ۰۸:۰۵ Asia/Tehran
راجہ فاروق حیدر کا کہنا ہے کہ کشمیری اپنا خون دےکر آزادی کی شمع روشن کیے ہوئے ہیں۔
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان نے برسلز پہنچنے پرگفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے عوام کرفیو کے باوجود اپنا خون دے کر آزادی کی شمع بجھنے نہیں دے رہے۔
راجہ فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ یہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ایک زمین کے ٹکڑے کا تنازع نہیں بلکہ کشمیری عوام کے جمہوری حق اور دنیا میں ایک تسلیم شدہ تنازعے کا مسئلہ ہے۔ اقوام متحدہ کی 11 قراردادیں اس بات کی علامت ہے۔
انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ یورپی پارلیمنٹ کی خارجہ امور کی کمیٹی نے نئے پارلیمانی سال کے پہلے ہی دن مسئلہ کشمیر کو اپنے ایجنڈے میں شامل کیا ہے، ہمیں یورپی قیادت سمیت دنیا کو جھنجھوڑتے رہنا ہے۔