ایران و پاکستانی اقتصادی کمیشن، دس بلین ڈالر کے تجارتی روڈ میپ کی تیاری پر اتفاق
ایران پاکستان مشترکہ اقتصادی کمیشن کا اجلاس آج تہران میں منعقد ہوا جس میں آئندہ تین ماہ کے دوران دس بلین ڈالر کے تجارتی روڈ میپ کو تیار کرنے کے عزم کا اعلان کیا گیا ہے۔
سحرنیوز/ایران: ایران کی وزیر راہ اور شہری ترقی فرزانہ صادق کی سربراہی میں آج ایران پاکستان مشترکہ اقتصادی کمیشن کا بائیسوا اجلاس ہوا۔
اجلاس کی افتتاحی تقریب میں محترمہ فرزانہ نےدونوں مسلم ممالک ایران اور پاکستان کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ اجلاس دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، تجارتی، بینکنگ، ٹرانزٹ، توانائی، زرعی اور ثقافتی تعاون کو مضبوط بنانے کا نقطہ آغاز ہو سکتا ہے۔ انہوں نے دوطرفہ، علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر بالخصوص ایران کے خلاف بارہ روزہ صیہونی جارحیت کے دوران پاکستان کے حمایتی مؤقف کو سراہا اور کہا یہ حمایت، دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کی گہرائی کے ساتھ ساتھ آپسی تعلقات کی مضبوطی میں پاکستان کے تعمیری کردار کی علامت ہے۔
ایران کی وزیر شہری ترقی نے صدر ایران کے حالیہ دورہ اسلام آباد کے دوران دو طرفہ تجارت کے لئے مقرر شدہ دس بلین ڈالر کی طرف اشارہ کرتے ہوئے تجویز دی کہ اگلے تین ماہ کے اندر اس مقصد کے حصول کے لیے فریقین کے درمیان تعاون سے ایک روڈ میپ کو تیار کیا جائے اور اُس پر متعلقہ وزراء کے دستخط ہو جائیں۔