دنیا کا ہرظالم اس دور کا یزید ہے: علامہ جعفری
علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا ہے کہ حضرت امام حسین (ع) کا قیام ظالم کے مقابلے کے لئے تھا۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کی جانب سے منعقدہ کیتھولک کلب کراچی میں مذہبی، سیاسی جماعتوں، وکلاء، دانشوروں، الیکٹرونک، پرنٹ میڈیا، صحافی حضرات، تاجر برداری اور ماتمی انجمنوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ کربلا کے شہیدوں کی یاد منانا، اس دور میں افضل ترین عمل ہے کیونکہ ظالم سے نفرت اور مظلوم کی حمایت کا جو درس حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے جانثار ساتھیوں نے اپنی شہادت کے ذریعے دیا ہے وہ تاقیامت زندہ رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین (ع) کا قیام ظالم کے مقابلے کے لیے تھا، دنیا میں انبیاء علیہ السلام کو ظالم کے خلاف قیام کے لئے بھیجا گیا تھا۔
علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ شہید قائد عارف حسین الحسینی کہتے تھے کہ ہم مظلوم کے حامی اور ظالم کے خلاف ہیں، آج کشمیر، بحرین، یمن، روہنگیا سمیت جہاں جہاں ظالموں کا ظلم ہے ہم اس کے خلاف ہیں۔
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ آج دنیا میں جو بھی ظالم ہے وہ اس دور کا یزید ہے، آج پاکستان میں مسنگ پرسنز کا ایشو ریاستی اداروں کے منہ پر داغ ہے، مسنگ پرسنز کے بوڑھے ماں باپ، بیٹیاں، انکی جوان بیویاں آج در در کی ٹھوکریں کھا رہی ہیں، ہم پاکستان کے ان مسنگ پرسنز کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم جب تک زندہ ہیں ظالموں کے ظلم پر آواز اٹھاتے رہیں گے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ کراچی میں مسنگ پرسنز کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم ان لاپتہ افراد کو بازیاب کروانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔