پاکستان : آرمی ایکٹ ترمیمی بل منظور
قومی اسمبلی میں مسلح افواج کے سربراہان کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق سروسز ایکٹ ترمیمی بل کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا ہے۔
پاکستان کی قومی اسمبلی میں اسپیکر کی ہدایت پر وزیر دفاع پرویز خٹک نے آرمی ایکٹ،ائیرفورس ایکٹ اورنیوی آرڈیننس میں ترامیم کی علیحدہ علیحدہ تحاریک پیش کیں۔ ایوان نے فوجی سربراہان کے بارے میں قانون سازی کی علیحدہ علیحدہ منظوری دی۔
بل کی منظوری میں تحریک انصاف اور اس کی اتحادی جماعتوں ایم کیو ایم، مسلم لیگ (ق) اور بی اے پی کے علاوہ اپوزیشن جماعتوں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے بھی حصہ لیا۔
پرویز خٹک کے کہنے پر پی پی پی نے بل میں ترامیم کی سفارشات واپس لے لیں۔ نوید قمر نے کہا کہ خود کو الگ ہونے سے بچنے کیلئے ہم ترامیم واپس لیتے ہیں، ہم نے ملک اور خطے کی نئی صورتحال کے مدنظرفیصلہ کیاکہ ترامیم پراصرار نہیں کریں گے۔
جے یو آئی (ف)، جماعت اسلامی اور پشتون تحفظ موومنٹ کے ارکان نے بل کے خلاف احتجاجاً واک آؤٹ کیا اور شدید نعرے بازی بھی کی۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے 26 نومبر کو آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی 3 سال کی توسیع معطل کردی تھی۔ 28 نومبر کو عدالت عظمیٰ نے جنرل قمر جاوید باجوہ کو 6 ماہ کی مشروط توسیع دیتے ہوئے پارلیمنٹ کو 6 ماہ میں آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق قانون سازی کرنے کا حکم دیا تھا۔