کیمیاوی زہریلی گیس معاملے میں صوبائی اور وفاقی حکومتوں کو نوٹس جاری
سندھ ہائی کورٹ نے کیمیاوی زہریلی گیس معاملے میں صوبائی اور وفاقی حکومتوں کو نوٹس جاری کردیئے ہیں ۔
پاکستانی ذرائع سے موصولہ رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے کیمیاڑی میں زہریلی گیس پھیلنے سے عام شہریوں کی اموات کے معاملے میں کراچی کے ایک شہری نے سندھ ہائی کورٹ میں رٹ دائر کردی ہے۔سندھ ہائی کورٹ نے عبدالجلیل خان مروت ایڈوکیٹ کی اپیل پر سماعت کی اور اس معاملے میں صوبائی اور وفاقی حکومتوں کو نوٹس جاری کرکےگیارہ مارچ تک جواب جمع کرانے کے احکامات جاری کئے ہیں ۔
درخواست گزار عبدالجلیل خان ایڈوکیٹ نے اپنی اپیل میں واقعہ کی شفاف اور مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے ۔
درخواست کنندہ نے سندھ کی صوبائی اور اسی طرح وفاقی حکومتوں کے ساتھ ہی آئی جی سندھ کو بھی فریق بنایا ہے۔
یاد رہے کہ کراچی کے علاقے کیماڑی میں گزشتہ اتوار کی رات اچانک زہریلی گیس پھیل جانے سے کم سے کم چودہ افراد جاں بحق اور سیکڑوں شدید طور پر متاثر ہونے کے بعد اسپتالوں میں داخل کرائے گئے تھے ۔
ابھی تک حتمی طور پر زہریلی گیس پھیلنے کی وجوہات اور گیس کی نوعیت کا تعین نہیں ہوسکا ہے۔