پاکستان میں کورونا کی تیزی، پاکستان 13ویں نمبر پر
پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مزید 119 مریض جاں بحق ہوگئے ہیں جس کے بعد اس وائرس سے لقمہ اجل بننے والوں کی مجموعی تعداد 3 ہزار 501 ہوگئی ہے۔
پاکستانی میڈیا کے مطابق اس ملک میں کورونا وائرس اتنی تیزی سے پھیل رہا ہے کہ مریضوں کی تعداد کے حوالے سے مرتب کی گئی ممالک کی فہرست میں پاکستان 13ویں نمبر پرآ گیا ہے۔
پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 951 نئے کورونا مریض سامنے آئے ہیں جس کے بعد کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد ایک لاکھ 76 ہزار617 ہو چکی ہے، جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 3 ہزار 501 تک جا پہنچی ہے۔
کورونا وائرس کے پاکستان میں ایک لاکھ 5 ہزار 224 مریض اب بھی اسپتالوں، قرنطینہ مراکز اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں جبکہ 67 ہزار 892 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔
پاکستان کا صوبہ سندھ کورونا کے مریضوں کی تعداد کے حوالے سےدوسرے صوبوں سے آگے ہے جہاں اب تک 67 ہزار 353 افراد کورونا میں مبتلا ہو چکے ہیں جبکہ صوبہ پنجاب ہلاکتوں کے حوالے سے دیگر صوبوں سے آگے ہے جہاں ایک ہزار407 افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔