پاکستان میں کورونا کے فعال معاملات میں اضافہ
پاکستان میں کورونا کے فعال معاملات میں مسلسل کمی کے بعد اضافے کا اعلان کیا گیا ہے۔
پاکستانی ذرائع کے مطابق سندھ اور بلوچستان سمیت ملک کے بعض علاقوں میں کورونا کے فعال معاملات میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق اتوار کو ملک کے مختلف علاقوں میں کورونا کے پانچ سو ترانوے نئے مریضوں کا اندراج کیا گیا جس کے بعد فعال معاملات کی تعداد سات ہزار سے تجاوز کر گئی۔
یہ اضافہ ایسے وقت میں دیکھا گیا ہے جب پاکستان میں کورونا سے شفایاب ہونے والوں کے مقابلے میں متاثرین کی تعداد میں مسلسل کمی کے بعد فعال معاملات کی تعداد چھے ہزار سے کم ہو گئی تھی۔
پاکستان کے کورونا کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک میں کورونا سے متاثرین کی مجموعی تعداد تین لاکھ پانچ ہزار چھے سو اکہتر ہے جن میں سے چھے ہزار چار سو سولہ افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ دو لاکھ بانوے ہزار تین سو تین افراد کورونا کو شکست دینے میں کامیاب رہے ہیں۔