لائن آف کنٹرول پر پاکستان اور ہندوستان کے مابین فائرنگ، 7 جاں بحق و زخمی
لائن آف کنٹرول (ایل او سی) میں پاکستان اور ہندوستان کے مابین ہونے والی فائرنگ سے ایک نوجوان جاں بحق جبکہ 6 شہری زخمی ہوگئے۔
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے علاقے بھمبر کے سپرنٹنڈنٹ پولیس میر محمد عابد کا کہنا تھا کہ کل شام 5 بجے ہندوستانی فوج کی جانب سے شیلنگ کے بعد مختلف گاؤں اور ساماہنی کی دھال کھمباہ یونین کونسل میں لوگ زخمی ہوئے۔
ان کا کہنا تھا کہ سونا میں بروہ گاؤں کے قریب ایک بستی میں ایک کالج کا طالبعلم اس وقت زندگی گنوا بیٹھا جب ایک مارٹر شیل کا خول اس کے قریب آگرا اور اس کے جسم کو چھلنی کردیا۔ ایس پی میرعابد کا کہنا تھا کہ بروہ گاؤں میں ہندوستان کی شیلنگ سے راجا مسعود اور یاسین زخمی ہوئے جبکہ کھمباہ گاؤں میں مصباح، محمد سلیمان اورمحمد ظہیر جبکہ رام لوہ گاؤں میں محمد قاسم زخمی ہوئے۔
انسٹاگرام پر آپ ہمیں فالو کر سکتے ہیں
ادھر بھمبر میں ڈیزاسٹر منیجمنٹ افسر کا کہنا تھا کہ متاثرہ علاقے گاڑی اور کئی مکانات کو نقصان پہنچنے کے اطلاعات ہیں۔
واضح رہے کہ 27 ستمبر کو لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے پاکستانی فوج کا اہلکار جاں بحق ہوگیا تھا۔
خیال رہے کہ پاکستان اور ہندوستان ایک دوسرے پرسیز فائر کی خلاف ورزی اور بلااشتعال فائرنگ کے الزامات عائد کرتے رہتے ہیں۔