اپوزیشن رہنماؤں کو این آر او نہیں دیا جائے گا: عمران خان
پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے ایک بار پھر اعلان کیا ہے کہ اپوزیشن کے رہنماؤں کو کسی بھی قیمت پر این آر او نہیں دیا جائے گا۔
عمران خان نے اسلام آباد میں نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں اسٹنٹس مینو فیکچرنگ شعبے کا افتتاح کرنے کے بعد کہا کہ سبھی ڈاکو جمع ہوکے این آر او کے لئے شور مچا رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ انہیں این آر او دے دینا آسان راستہ ہے لیکن یہ تباہی کا راستہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ ملک کی بہتری کا راستہ آسان نہیں ہوتا بلکہ اس کے لئے مشکل فیصلے کرنے پڑتے ہیں۔
عمران خان نے اپنی تقریر میں ملک کے اداروں میں ہماہنگی کے فقدان کا گلہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان میں اداروں میں باہمی تعاون کا فقدان ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس زرمبادلہ کی کمی ہوجاتی ہے جس کے لئے آئی ایم ایف سے رجوع کرنا پڑتا ہے اس لئے ملک میں زیادہ سے زیادہ زرمبادلہ لانا ہوگا۔ پاکستان کے وزیر اعظم نے تجارت میں خسارے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جب تجارت میں چالیس ارب ڈالر کا خسارہ ہوگا تو زرمبادلہ کے ذخائر پر اثر پڑے گا اور روپے کی قدر کم ہوگی اور روپیہ گرے گا تو ملک میں مہنگائی بڑھے گی۔