Dec ۰۳, ۲۰۲۰ ۲۱:۴۱ Asia/Tehran
  • پاکستان نے ایرانی سائنسداں کے قتل کی مذمت کی

پاکستان نے ایران کے مایۂ ناز عظیم سائنسداں کے قتل کی مذمت کی ہے۔

پاکستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایرانی سائنسداں شہید محسن فخری زادے کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اقدامات نہ صرف عالمی قوانین کے برخلاف ہیں بلکہ ان سے ایک حساس علاقے کا امن و استحکام بھی خطرے میں پڑ گيا ہے۔

فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چودھری نے جمعرات کو ہفتہ وار پریس کانفرنس میں ایران کے ایٹمی سائنسداں محسن فخری زادے کے قتل پر رد عمل ظاہر کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان، شدید الفاظ میں ایرانی ایٹمی سائنسداں کے قتل کی مذمت کرتا ہے۔

پاکستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ہم ایرانی سائنسداں کے اہل خانہ اور ایرانی قوم کی خدمت میں دل کی گہرائیوں سے تعزیت پیش کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کے اقدامات نہ صرف ملکوں کے درمیان تعلقات اور عالمی قوانین کے بر خلاف ہیں بلکہ اس سے ایک حساس علاقے کے امن و استحکام کو خطرہ بھی لاحق ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تمام فریقوں سے صبر و تحمل سے کام لینے کی اپیل کرتا ہے اور علاقے میں کشیدگی سے پرہیز کرنے کی درخواست کرتا ہے۔

ٹیگس