Mar ۱۰, ۲۰۲۱ ۱۶:۰۲ Asia/Tehran
  • گیلانی کے خلاف حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف کی اپیل مسترد

اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے خلاف حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف کی اپیل مسترد کردی ہے۔

ہمارے نمائندے کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کی اس اپیل پر سماعت کی جس میں سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کی سینیٹ کی رکنیت منسوخ کئے جانے کی استدعا کی گئی تھی ۔
رپورٹ کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے خود سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے خلاف پی ٹی آئی کی پٹیشن کی سماعت کی ۔ انھوں نے درخواست کنندہ ، پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی علی نواز اعوان کی درخواست اور ان کے وکیل کے دلائل سننے کے بعد اپیل کو مسترد کرنے کا فیصلہ کیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے اسی طرح سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی کو بطور ایم پی اے نااہل قرار دینے کی درخواست بھی مسترد کردی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے اپنے ریمارکس میں کہا ہے کہ غیر ضروری طور پر عدالتوں میں سیاسی معاملات کو لانا مناسب نہیں ہے۔
قابل ذکر ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان بھی، پی ٹی آئی کی اس درخواست کو مسترد کرچکا ہے جس میں سینیٹ کی اسلام آباد کی نشست سے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کی کامیابی کا نوٹیفیکشن جاری نہ کرنے کی استدعا کی گئی تھی۔

 

ٹیگس