Mar ۱۸, ۲۰۲۱ ۱۷:۵۹ Asia/Tehran
  • با معنی مذاکرات کے لئے پہل ہندوستان کو کرنا ہو گی، سربراہ پاکستانی فوج

پاکستان کے وزیراعظم کے بعد اب پاکستانی فوج کے سربراہ نے بھی ہندوستان کے ساتھ مستحکم تعلقات اور دنیا میں کثیرالجہتی تعاون کی ضرورت پر زور دیا ہے-

اسلام آباد میں منعقدہ دو روزہ سیکیورٹی ڈائیلاگ  سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان مستحکم تعلقات، مشرقی و مغربی  نیز وسطی ایشیا کے خطے میں پائی جانے والی توانائیوں سے بھر پور فائدہ اٹھانے کی کنجی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دنیا نے عالمی جنگ اور سرد جنگ کی تباہ کاریوں کو دیکھا ہے انسانیت کے لئے جس کے تباہ کن نتائج برآمد ہوئے ہیں  جبکہ اس کے برعکس کثیرالجہتی اصول پر مبنی پلیٹ فارمز نے، بنی نوع انسان کی بھلائی اور بہتری کے لئے کام کیا ہے۔

پاکستانی فوج کے سربراہ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کی وجہ سے اس خطے کی تمام تر توانائیاں اور گنجائشیں جوہری صلاحیت کے حامل دو پڑوسی ملکوں  کے درمیان یرغمال بنی ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے بغیر کسی بھی سیاسی عمل کے تعطل سے دوچار ہونے کا خطرہ ہمیشہ موجود رہے گا۔

جنرل قمر جاوید باجوا نے پرامید انداز میں کہا کہ یہ ماضی کو دفن کر کے آگے بڑھنے کا وقت ہے تاہم انھوں نے اپنے ملک کے موقف کا اعادہ بھی کیا کہ  بامعنی مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل کی ذمہ داری اب ہندوستان پر عائد ہوتی ہے۔

 

ٹیگس