لعل شہباز قلندر کے مزار پر تصادم ; درجنوں افراد زخمی
پاکستان میں لعل شہباز قلندر کے عرس کے موقع پر تصادم میں درجنوں افراد کے زخمی ہونے کی خبر ہے-
پاکستانی میڈیا کے مطابق یہ تصادم پولیس اور عقیدت مندوں کے درمیان ہوا ہے ۔
رپورٹ کے مطابق اس تصادم میں کم سے کم چالیس افراد زخمی ہوئے جن میں سات پولیس اہلکار بھی شامل ہیں ۔
رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ کورونا وائرس کی تیسری لہر میں شدت کے پیش نظر اعلان کی جانے والی بندشوں کے باوجود لعل شہباز کے عرس میں شرکت کے لئے ہزاروں عقیدت مند پہنچ گئے تھے ۔
یہ ایسی حالت میں ہے کہ سندھ حکومت نے اعلان کیا تھا کہ کورونا کے پھیلاؤ کے پیش نظر صوبے کے سبھی مزارات اور زیارت گاہیں بند رہیں گی ۔
بتایا گیا ہے کہ لعل شہباز کا مزار بھی بند تھا لیکن جمعرات کی شام تک ہزاروں لوگ مزار کے باہر جمع ہوگئے تھے ۔ اس رپورٹ کے مطابق جمعرات کی رات عقیدت مندوں نے دھاوا بول کے ایک دروازہ توڑ دیا جس کے بعد حالات خراب ہوگئے ۔
پولیس نے لوگوں کے روکنے کے لئے لاٹھی چارج کیا اور عقیدت مندوں نے جواب میں پولیس پر پتھراؤ کردیا ۔
بتایا گیا ہے کہ پولیس اور عقیدت مندوں کے درمیان تصادم کافی دیر تک جاری رہا ۔