پاکستان میں کورونا کی تیسری لہر میں شدت
پاکستان میں بھی کورونا کی تیسری لہر پوری شدت کے ساتھ جاری ہے۔
پاکستان کے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے ایک پریس بریفنگ میں ملک میں کورونا کی صورتحال کو بہت سنگین بتایا ہے۔ انھوں نے بتایا ہے کہ کورونا کی تیسری لہر میں اب تک سب سے زیادہ تعداد میں وینٹی لیٹر کا استعمال کیا جا رہا ہے اور بڑے شہروں کی حالت بد سے بدتر ہوتی جارہی ہے۔
انھوں نے بتایا کہ ملک کے کئی شہروں میں وینٹی لیٹر کا استعمال اسّی فیصد سے زیادہ ہے اور آکسیجن کی سپلائی بھی نوے فیصد سے بڑھ گئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ بڑے شہروں کو بند کرنا پڑے گا ۔
اسد عمر نے کہا کہ کچھ نئی بندشوں کا فیصلہ کیا گیا ہے جن کا اعلان جمعے کو کیا جائے گا۔
پاکستان کے نیشنل کورونا کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کورونا کے پانچ ہزار چار سو ننانوے نئے مریضوں اور ایک سو اڑتالیس اموات کا انداراج کیا گیا۔
پاکستان میں کورونا کے زیرعلاج مریضوں کی تعداد تراسی ہزار ایک سو باسٹھ ہے جن میں سے چار ہزار پانچ سو اٹھائیس کی حالت تشویشناک ہے۔