انسانی حقوق اورعالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزیاں
پاکستان نے کہا ہے کہ عالمح سطح پر انسانی حقوق کی بڑے پیمانے پر خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے سلامتی کونسل کے اجلاس میں دیئے گئے بیان میں کہا کہ انسانی حقوق اورعالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں کا مسئلہ ایک چیلنج کی صورت اختیار کر گیا ہے کیونکہ عالمی سطح پر ان مسائل کے حل کے لئے یکساں سوچ اور اقدامات نہیں کئے جاتے۔
انہوں نے کہا کہ مشاہدے سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ فوجی اور سیاسی مقاصد کے حصول اور لوگوں کے حق خود ارادیت کو کچلنے کے لئے اکثر ثقافتی اور مذہبی مقامات کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ بعض علاقوں میں اکثر چوبیس گھنٹے کرفیو نافذ رہتا ہے۔ مواصلات کی بندش، غیر قانونی اور اندھا دھند گرفتاریاں ہوتی ہیں جبکہ نوجوانوں کو جبری اغوا اور ماورائے عدالت قتل کیا جاتا ہے۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پر زور دیا کہ وہ تنازعات کے دوران شہریوں اور اہم تنصیبات کے تحفظ کے لئے موثر اورجرأت مندانہ اقدامات کرے۔