Jul ۳۱, ۲۰۲۱ ۲۰:۲۴ Asia/Tehran
  • پاکستان میں کورونا کی چوتھی لہر

پاکستان میں کورونا کی چوتھی لہر پوری شدت کے ساتھ جاری ہے۔

پاکستان کے کورونا کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں کورونا کے مثبت معاملات کی شرح آٹھ فیصد سے تجاوز کر گئی ہے۔

کورونا کے تعلق سے کراچی کی حالت زیادہ خراب بتائی جاتی ہے ۔ رپورٹوں کے مطابق کراچی میں گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے مثبت معاملات کی شرح تیئس اعشاریہ پانچ ایک ریکارڈ کی گئی ہے۔

پاکستان کے نیشنل کورونا کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے چار ہزار نو سو پچاس نئے مریضوں اور پینسٹھ اموات کا اندراج کیا گیا ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں پاکستان میں ایک ہزار تین سو اکیس کورونا کے مریض شفایاب بھی ہوئے ہیں ۔پاکستان میں کورونا سے متاثرین کی تعداد دس لاکھ انتس ہزار آٹھ سو گیارہ ہوچکی ہے جن میں سے نو لاکھ چالیس ہزار ایک سو چونسٹھ افرد کورونا کو شکست دے چکے ہیں ، تیئس ہزار تین سو ساٹھ لقمہ اجل بن چکے ہیں اور چھیاسٹھ ہزار دو سو ستاسی زیر علاج ہیں۔

پاکستان میں اسی کے ساتھ کورونا ویکسینیشن کی مہم تیز کردی گئی ہے ۔ پاکستانی وزارت صحت کے مطابق جمعے کو پاکستان میں نو لاکھ چار ہزار آٹھ سو تیس افراد کو کورونا کا ٹیکہ لگایا گیا۔ پاکستان میں کورونا ویکسین کی دو کروڑ چونسٹھ لاکھ پچپن ہزار ڈوز لوگوں کو لگائی جاچکی ہے۔

ٹیگس