Oct ۱۰, ۲۰۲۱ ۱۷:۱۹ Asia/Tehran
  • ڈاکٹر عبدالقدیر خان انتقال کر گئے

پاکستان کے نامور سائنسداں اور ایٹمی پروگرام کے بانی ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا۔

ڈاکٹر عبدالقدیر خان کچھ سے عرصے سے علیل تھے اور آج صبح حالت بگڑنے پر انہیں  اسپتال منتقل کیا گیا تھا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے۔ انتقال کے وقت ان کی عمر پچاسی برس تھی۔ اسپتال ذرائع نے بتایا ہے کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کچھ عرصہ قبل کورونا وائرس سے متاثر ہوئے تھے۔ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی نماز جنازہ فیصل مسجد اسلام آباد کے احاطے میں ادا کی گئی جس میں وقافی وزرا اور اعلی فوجی افسران سمیت ہزاروں افراد شریک تھے۔ بعد ازاں انہیں، مقامی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔

پاکستان کے صدر اور وزیراعظم نیز سیاسی اور مذہبی رہنماؤں نے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔محسن پاکستان کے لقب سے مشہور عبدالقدیر خان کے سوگ میں پاکستان کا قومی پرچم بھی سرنگوں کردیا گیا ہے۔ وہ انیس سو چھتیس میں غیر منقسم ہندوستان کے شہر بھوپال میں پیدا ہوئے اور انیس سو سینتالیس میں ہجرت کرکے پاکستان آگئے تھے۔

ٹیگس