پاکستان مین افغانستان کی سفارتی سرگرمیاں بحال
پاکستان میں قائم افغان سفارت خانے نے سفارتی سرگرمیاں شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
افغان نیوز ایجنسی طلوع نیوز کے مطابق، پاکستان میں قائم افغانستان کے سفارت خانے نے اپنے فیس بک ہنڈل پر اعلان کیا ہے کہ یہ سفارت خانہ معمول کے مطابق کام کر رہا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد میں سفارت خانے کے علاوہ پشاور، کراچی اور کوئٹہ میں قائم افغان قونصل خانے کی سرگرمیاں حسب سابق شروع کردی گئی ہیں اور افغانی و پاکستانی شہری نیز تاجر حضرات پیر سے جمعے کے ایام میں افغان رابطہ دفاتر سے رجوع کر سکتے ہیں۔
افغانستان کی طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا تھا کہ افغان شہریوں کو درپیش مشکلات کی وجہ سے اسلام آباد میں سفارتی سرگرمیاں بحال کی گئی ہیں البتہ نیا عملہ تعینات نہیں کیا گیا۔ اس سے پہلے طالبان کی جانب سے پاکستان کے لیے نئے سفارت کار بھیجے جانے کی خبریں موصول ہوئی تھیں تاہم طالبان نے اس کی تردید کردی تھی۔