پاکستان فی الحال جون تک انتظار کرے:ایف اے ٹی ایف
فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) نے جون تک پاکستان کو گرے لسٹ میں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستانی میڈیا کے مطابق ایف اے ٹی ایف کا 4 روزہ ورچوئل اجلاس یکم مارچ سے 4 مارچ تک پیرس میں منعقد ہوا، جس میں پاکستان کے بارے میں ایشیا پیسیفک گروپ کی رپورٹ پر غور کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ایف اے ٹی ایف نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان کا نام گرے لسٹ میں شامل رہے گا جب کہ پاکستان 2018 کے ایکشن پلا ن کے 27 میں سے 26 نکات پر عمل درآمد مکمل کرچکا ہے۔
ایف اے ٹی ایف کی جانب سے اس بات کا بھی اعتراف کیا گیا کہ پاکستان نے انسداد دہشت گردی کی فنانسنگ روکنے میں خاطر خواہ پیش رفت کی ہے۔
ایف اے ٹی ایف کا مزید کہنا تھا کہ جون 2021 کے بعد سے پاکستان نے دہشتگردوں کی فنڈنگ اور منی لانڈرنگ کو روکنے کے نظام کو بہتر بنانے کی جانب تیزی سے اقدامات کیے ہیں اور کسی بھی متعلقہ ڈیڈ لائن کی میعاد ختم ہونے سے پہلے 7 میں سے 6 نکات کو مکمل کر لیا ہے۔
واضح رہے کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے ارکان کی تعداد 37 ہے جس میں امریکہ، برطانیہ، چین، اور ترکی سمیت 25 ممالک، خیلج فارس تعاون کونسل اور یورپی کمیشن شامل ہیں اور تنظیم کی بنیادی ذمہ داریاں عالمی سطح پر منی لانڈرنگ اور دہشت گردوں کی مالی معاونت روکنے کے لیے اقدامات کرنا ہے۔