پاکستان نے یوکرین میں جاری عسکری تنازع پر افسوس ظاہر کیا
یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلینسکی اور پاکستان کے وزیر اعظم نے ٹیلیفونی گفتگو میں تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
پاکستانی میڈیا کے مطابق پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلینسکی سے گفتگو کے دوران یوکرین میں جاری عسکری تنازع پر گہرے افسوس کا اظہار کیا۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے یوکرین میں جاری عسکری تنازع پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے فوری جنگ بندی اور مذاکرات اور سفارتکاری کے ذریعے تنازع کے حل کے لیے پاکستان کے اصولی موقف کا اعادہ کیا۔
گفتگو کے دوران پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ وہ ترقی پذیر ممالک پر تنازع کے منفی معاشی اثرات کو مسلسل اجاگر کر رہے ہیں جو تیل اور اشیا کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے ظاہر ہوتا ہے۔
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے عام شہریوں کے لئے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے یوکرین میں لوگوں کے لیے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر سامان کی فراہمی کے لیے 2 سی 130 طیارے روانہ کیے۔
پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے اسلامی تعاون تنظیم کے وزرا خارجہ کی کونسل کے حالیہ اجلاس کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ نے یوکرین کے تنازع کی وجہ سے سیکیورٹی اور انسانی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
عمران خان نے بتایا کہ او آئی سی وزرائے خارجہ نے فوری طور پر جنگ بندی کے خاتمے پر زور دیا اور او آئی سی کے رکن ممالک کی طرف سے مذاکراتی عمل کی حمایت اور سہولت فراہم کرنے پر آمادگی ظاہر کی۔
وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان جیسے غیرجانبدار ممالک جنگ بندی اور تنازعہ کے سفارتی حل کے لیے کوششوں کو تقویت دینے میں کردار ادا کر سکتے ہیں۔