اقوام متحدہ کو افغانستان میں عام شہریوں کی ہلاکتوں پر تشویش
اقوام متحدہ کے نمائندہ دفتر نے افغانستان کے صوبے خوست میں پاکستان کے فضائی حملے میں عام شہریوں کی ہلاکت پر گہری تشویش ظاہر کی ہے۔
افغان ذرائع کا کہنا ہے کہ جمعے کی شب پاکستان کی جانب سے صوبہ کنڑ اور خوست پر کیے جانے والے فضائی حملے اور گولہ باری میں کم سے کم پینتالیس افراد مارے گئے ہیں جن میں زیادہ تعداد عورتوں اور بچوں کی ہے۔
کابل میں اقوام متحدہ کے نمائندہ دفتر کے جاری کردہ ایک ٹوئٹ میں کنڑ اور خوست پر پاکستان کے حملے میں عام شہریوں کی ہلاکت پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔ ٹوئٹ میں کہا گیا ہے کہ وہ افغانستان کے سرحدی علاقوں پر پاکستان کے حملے کی تحقیق کر رہی ہے۔
دوسری جانب طالبان انتظامیہ کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اپنے ایک ٹوئٹ میں پاکستانی حکام کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا ہے کہ افغانوں کے صبر کا امتحان لینے کی کوشش نہ کی جائے اور آئندہ ایسے اقدامات سے گریز کیا جائے۔