امریکی رکن کانگریس پاکستان کے دورے پر، وزیراعظم ، صدر اور عمران خان سے ملاقات
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف سے امریکی خاتون رکن کانگریس الہان عمر نے ملاقات کی جس میں پاکستان-امریکا تعلقات کی اہمیت پر تاکید کی گئی اور دوطرفہ تعلقات باہمی احترام، اعتماد اور برابری کی بنیاد پر مزید مضبوط کرنے کی خواہش کا اظہار کیا گیا۔
اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے دورے پر موجود امریکی رکن کانگریس الہان عمر سے ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعمیری تعلقات سے خطے میں امن، سلامتی اور ترقی کے فروغ میں مدد مل سکتی ہے۔
امریکی سینیٹر الہان عمر پاکستان کے دو روزہ دورے پر بدھ کی صبح اسلام آباد پہنچی تھیں۔
الہان عمر نے پاکستان پہنچنے کے بعد صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، سابق وزیراعظم اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان، قومی اسمبلی کے اسپیکر راجا پرویز اشرف اور وزیرمملکت برائے خارجہ سمیت دفترخارجہ کے عہدیداروں او دیگر حکام سے ملاقاتیں کیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے الہان عمر کی سیاسی جدوجہد، حوصلہ اور عزم کو سراہتے ہوئے پاکستان کے اولین دورے پر خیرمقدم کیا اور امید ظاہر کی کہ اس سے عوامی رابطوں میں اضافہ ہوگا اور پاکستان کی پارلیمان اور امریکی کانگریس کے درمیان تبادلے بھی گہرے ہوں گے۔
امریکی رکن کانگریس الہان عمر نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ ان کے دورہ پاکستان سے امریکی کانگریس اور پاکستان کے درمیان تعلقات مضبوط ہوں گے۔
پاکستان کے وزیراعظم نے امریکا کو پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار قرار دیتے ہوئے دونوں مالک کے درمیان تعاون، خاص طور پر تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں، کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
امریکی رکن کانگریس الہان عمر نے دورہ پاکستان میں صدر پاکستان عارف علوی اور سابق وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی جہاں دونوں ممالک کے تعلقات سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاکستان تحریک انصاف نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں بتایا کہ ‘امریکی خاتون رکن کانگریس الہان عمر نے بنی گالا میں عمران خان سے ملاقات کی۔
بیان میں کہا گیا کہ ملاقات میں دونوں نے اسلاموفوبیا اور اس سے متعلق مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔