پاکستان کے بعد اب بیرون ملک بھی احتجاج کا سلسلہ شروع ہو گیا
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے حامی لندن میں ایک دوسرے کے خلاف مظاہرے کر رہے ہیں۔
رواں ماہ کے آغاز میں سابق وزیر اعظم عمران خان کو تحریک عدم اعتماد کے ذریعے عہدے سے ہٹانے کے خلاف پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے حامی لندن میں ایون فیلڈ فلیٹس پر نواز شریف کے گھر کے باہر گزشتہ تین ہفتوں سے ہر اتوارکو احتجاج کر رہے ہیں۔
کل میاں نواز شریف کے گھر کے سامنے ہونے والے مظاہرے میں خواتین اور بچوں سمیت سینکڑوں مظاہرین نے شرکت کی اور امریکہ کا جو یار ہے، غدار ہے‘ غدار ہے‘’ہم لے کے رہیں گے آزادی، جیسے نعرے لگائے۔
عمران خان کے لندن کے ترجمان صاحبزادہ جہانگیر نے ایک ویڈیو کے ذریعے پارٹی کارکنان کو ’پاکستان میں امریکہ کی مبینہ غیر ملکی مداخلت‘ کے خلاف احتجاج کے لیے پارک میں جمع ہونے اور اس کے بعد امریکی سفارت خانے کے باہر احتجاج کرنے کا پیغام دیا تھا۔
دوسری جانب چند روز قبل لندن میں عمران خان کی سابقہ شریک حیات جمائمہ گولڈ اسمتھ کے گھر کے سامنے مسلم لیگ ن کے حامیوں نے مظاہرہ کیا تھا۔
خیال رہے قبل ازیں 10 اپریل کو لندن میں مقیم پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان سابق وزیر اعظم اور پی ایم ایل (ن) کے سربراہ نواز شریف کی رہائش گاہ کے باہر ایک دوسرے کے آمنے سامنے آگئے تھے۔