Jun ۰۹, ۲۰۲۲ ۱۵:۲۸ Asia/Tehran
  • شہ سرخیوں میں رہنے والے اینکر اور رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت انتقال کرگئے

ٹی وی میزبان اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت انتقال کرگئے، وہ اپنے گھر میں مردہ حالت میں پائے گئے۔

اطلاعات کے مطابق عامر لیاقت کے کمرے کا دروازہ بند تھا جسے گھر کے ملازمین کافی دیر سے کھٹکھٹا رہے تھے، بعدازاں دروازہ زبردستی کھولا گیا تو عامر لیاقت حسین مردہ حالت میں پائے گئے۔ انہیں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کے انتقال کی تصدیق ہوگئی۔

پولیس کا موقف ہے کہ موت کی وجوہات کا تعین کرنے کے لیے ان کی لاش کا پوسٹ مارٹم کرایا جائے گا، فی الحال ان کا گھر سیل کرکے شواہد جمع کیے جا رہے ہیں۔ ڈاکٹروں نے کہا ہے کہ انہیں مردہ حالت میں اسپتال لایا گیا، موت کے آدھے گھنٹے بعد انہیں اسپتال منتقل کیا گیا۔

عامر لیاقت کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں موت کی وجوہات کے تعین کے لیے مختلف ٹیسٹ کیے گئے تاہم موت کی حتمی وجہ کے تعین کے لیے پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔ پوسٹ مارٹم ڈاکٹر سمیعہ کی نگرانی میں تین رکنی بورڈ کرے گا۔ دو میل میڈیکولیگل افسر بورڈ میں شامل ہیں۔

ان کے انتقال پر قومی اسمبلی کا اجلاس ملتوی کردیا گیا۔

عامر لیاقت سال 2002 سے سال 2007 کے درمیان رکن قومی اسمبلی رہے اور انھیں پرویز مشرف کے دور حکومت میں مذہبی امور کا وزیر بنایا گیا، تاہم 2018 کے انتخابات میں وہ پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر دوبارہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔

عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے دوران انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کا ساتھ مارچ 2022 میں چھوڑ دیا تھا، جس پر عوام کی طرف سے عامر لیاقت کو لوٹا اور غدار کہا گیا۔

عامر لیاقت نے پہلی شادی سیدہ بشریٰ اقبال سے کی تھی، جن سے ان کے دو بچے ہیں۔ تاہم یہ تعلق 2020ء میں طلاق کی صورت ختم ہوگیا۔

اسکے بعد 2018ء میں پاکستانی ماڈل اور اداکارہ سیدہ طوبیٰ سے دوسری شادی کی، سیدہ طوبیٰ رمضان ٹرانسمیشن میں عامر لیاقت کے ساتھ بطور میزبان بھی نظر آئیں۔ فروری 2022ء میں سیدہ طوبیٰ انور نے خلع لے لیا۔ 5 فروری 2022ء کو ضلع لودھراں کے موضع ڈانوراں سے تعلق رکھنے والی 18 سالہ سیدہ دانیہ شاہ سے تیسری شادی کی اور یہ شادی بھی زیادہ دیر نہ چل سکی۔ اور اس کی نئی بیوی نے ان پر کئی قسم کے الزامات عائد کر کے ان سے اپنا راستہ جدا کر لیا جس کے بعد عامر لیاقت نے کہا تھا کہ وہ ہمیشہ کیلئے پاکستان چھوڑ رہے ہیں تاہم وہ پاکستان کو چھوڑنے سے پہلے اس دنیا کو چھوڑ گئے۔

ٹیگس