مسلم لیگ (ق) میں ٹوٹ پھوٹ، چودھری شجاعت پارٹی کی صدارت سے فارغ
https://urdu.sahartv.ir/news/pakistan-i409043-مسلم_لیگ_(ق)_میں_ٹوٹ_پھوٹ_چودھری_شجاعت_پارٹی_کی_صدارت_سے_فارغ
مسلم لیگ (ق) میں اختلافات شدت اختیار کر گئے اور چودھری شجاعت حسین کو پارٹی کی صدارت سے فارغ کر دیا گیا ہے۔
(last modified 2025-07-01T12:42:33+00:00 )
Jul ۲۹, ۲۰۲۲ ۰۶:۲۶ Asia/Tehran
  • مسلم لیگ (ق) میں ٹوٹ پھوٹ، چودھری شجاعت پارٹی کی صدارت سے فارغ

مسلم لیگ (ق) میں اختلافات شدت اختیار کر گئے اور چودھری شجاعت حسین کو پارٹی کی صدارت سے فارغ کر دیا گیا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ق) نے چودھری شجاعت حسین کو پارٹی کی صدارت جبکہ طارق بشیر چیمہ کو سیکرٹری جنرل کے عہدے سے ہٹا دیا ہے۔  مسلم لیگ ق کی سنٹرل ورکنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس کی صدارت سینیٹر کامل علی آغا نے کی۔

اجلاس میں چودھری شجاعت کو صدر اور طارق بشیر چیمہ کو سیکرٹری جنرل کے عہدے سے ہٹانے کی سفارش کی گئی تھی اور عہدے سے ہٹانے کا اعلان کامل علی آغا نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں دس دن کے اندر پارٹی میں نئے انتخابات کرانے کا فیصلہ کیا گیا، انٹرا پارٹی الیکشن کے لیے 5 رکنی الیکشن کمیشن تشکیل دے دیا گیا جبکہ جہانگیر اے جوجا الیکشن کمشنر ہونگے۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ آج اجلاس میں 83 لوگ شریک ہوئے، طویل مشاورت کے بعد چار سے 5 قرارداد پاس ہوئی، تین حضرات کی طرف سے کارروائیاں پارٹی کے لیے بڑی نقصان دہ ثابت ہوئیں، چودھری شجاعت حسین کے ساتھ بڑا دیرینہ تعلق رہا، اجلاس میں چودھری شجاعت حسین کو صدارت سے الگ کرنے کا فیصلہ کیا گیا، ایگزیکٹو باڈی کے فیصلے ہی تمام عہدیداروں کو طاقت دیتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ق) نے سبطین خان کی بطور اسپیکر پنجاب اسمبلی حمایت کی اور تمام ممبران سبطین خان کو ووٹ دیں گے۔