Aug ۱۰, ۲۰۲۲ ۰۹:۵۷ Asia/Tehran
  • عمران خان نے پیچھے نہ ہٹنے اور لڑنے کا فیصلہ کرلیا ہے

پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ میں غلام نہیں رہ سکتا اگر جان قربان کرنا پڑی تو اس سے گریز نہیں کروں گا، یہ سیاست نہیں جہاد ہے اور اب لڑنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اب لڑنے کا فیصلہ کرلیا ہے کیونکہ یہ سیاست نہیں جہاد ہے۔

ایک انٹرویو میں عمران خان نے کہا کہ جب معاشرہ ظلم کے آگے جھک جاتا ہے تو تباہ ہوجاتا ہے، انہوں نے کہا کہ میں غلام نہیں رہ سکتا، مجھے آزادی کی قدر ہے، مجھے کوئی بھی قربانی دینی پڑے، میں تیار ہوں۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ میں ملک کو نقصان نہیں پہنچانا چاہتا، آئین اور قانون میں رہتے ہوئے پُرامن جدوجہد کروں گا۔ عمران خان نے مزید کہا کہ اسی طرح 25 مئی کو بھی ظلم کیا گیا، خواتین اور بچوں پر تشدد کیا گیا، یہ حقیقی آزادی کی جنگ ہے، گرفتار ہونا چھوٹی چیز ہے۔

انہوں نے ایک بار پھر دعوی کیا کہ شہباز گل کو گرفتار نہیں اغوا کیا گیا۔ عمران خان نے استفسار کیا کہ کیا ملک میں کسی کو کسی کا خوف نہیں ہے؟

انہوں نے کہا کہ شہباز گل نے قانون توڑا ہے تو اسے جیل میں ڈالتے، اُس کے ڈرائیور کو مارا گیا اور گاڑی کے شیشے توڑے گئے۔

عمران خان نے ایک بار پھر اپنے اس دعوے کا اعادہ کیا کہ بیرونی سازش کے تحت ہماری حکومت کو ختم کیا گیا اور ملک پر امپورٹڈ حکومت کو مسلط کیا گیا۔

ٹیگس