پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں اکتیس سال کے بعد بلدیاتی انتخابات
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں تین دہائیوں کے بعد پانچویں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں مظفر آباد ڈویژن کے تین اضلاع میں ووٹنگ کا آغاز ہوگیا ہے۔
سحر نیوز/پاکستان: پاکستانی ذرائع کے مطابق مظفرآباد، نیلم اور جہلم ویلی میں شروع ہونے والی پولنگ کا عمل شام پانچ بجے تک جاری رہے گا۔
مظفرآباد ڈویژن میں کل چھے لاکھ پچانوے ہزار انچاس ووٹرز ہیں جن میں سے خواتین ووٹرز کے تعداد تین لاکھ بیس ہزار سات سو سینتالیس اور مرد ووٹرز کی تعداد تین لاکھ چوہتر ہزار تین سو دو ہے۔مظفر آباد ڈویژن میں چھے سو چودہ بلدیاتی نشستوں پر اکتیس خواتین سمیت دو ہزار سات سو پچیس امیدوار انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں جبکہ انیس امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوچکے ہیں۔
انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کے پانچ سو پچھہتر، پیپلز پارٹی کشمیر کےپانچ سو پینتالیس اور مسلم لیگ ن کے چار سو پینسٹھ امیدوار انتخابی میدان میں اترے ہیں جبکہ خطے کی سب بڑی سیاسی جماعت مسلم کانفرنس کے صرف ایک سو تیرہ امیدوار انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔
اُدھر تحریک لبیک نے سڑسٹھ اور جماعت اسلامی نے چھالیس امیدواروں کو ٹکٹ جاری کیے جبکہ آزاد امیدوار کے طور پرنوسو امیدوار بھی میدان میں موجود ہیں۔