تحریک انصاف نے حکومت کو بیس دسمبر تک کی مہلت دے دی
پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان کی قیادت والی جماعت تحریک انصاف نے وزیراعظم شہباز شریف کی حکومت کو نئے الیکشن کے اعلان کے لیے بیس دسمبر تک کی مہلت دے دی ہے۔
سحرنیوز/پاکستان: تحریک انصاف کے سینیئر رہنما فواد چودھری نے اپنے ایک ٹوئٹ کے ذریعے اعلان کیا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ بیس دسمبر تک عام انتخابات کا فارمولا نہیں لاتی تو پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیاں توڑ دی جائیں گی۔
انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں دعوی کیا کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بیس مارچ سے پہلے عام انتخابات کا عمل مکمل ہوجائے گا اور اس ضمن میں اتحادیوں کا مکمل اعتماد حاصل ہے۔
اس سے پہلے سابق وزیراعظم عمران خان نے اپنے ایک نشری انٹرویو میں کہا تھا کہ ہم اپنی تیاری کررہے ہیں اور دسمبر کے مہینے میں ہی اسمبلیاں تحلیل کریں گے۔
قابل ذکر ہے کہ دو روز قبل پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے تحریک انصاف اور اس کی اتحادی جماعتوں کو چلینج دیا کہ وہ اسمبلیاں توڑ کر دکھائیں ہم انہیں پنجاب میں بدترین شکست سے دوچار کریں گے۔
پاکستان کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں اس وقت تحریک انصاف کی حمایت یافتہ حکومت قائم ہے۔