لاہور میں عمران خان کی رہائشگاہ زمان پارک کا سرچ آپریشن تاخیر کا شکار
لاہور میں عمران خان کی رہائشگاہ زمان پارک کا سرچ آپریشن تاخیر کا شکار ہے لیکن محاصرہ جاری ہے۔
سحر نیوز/ پاکستان: لاہور سے موصولہ رپورٹ کے مطابق عمران خان کی رہائشگاہ کے باہر آپریشن کے بعد تجاوزات کا خاتمہ کردیا گیا ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق عمران خان کی رہائشگاہ کے باہر نصب خیمے اکھاڑ دیئے گئے ہیں اور رکاوٹیں ہٹادی گئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق عمران خان کی رہائشگاہ زمان پارک کے دروازے پر پولیس اہلکار بیٹھ گئے ہیں اور آنے جانے والوں کی نگرانی کی جارہی ہے لیکن سرچ آپریشن آخری اطلاع ملنے تک شروع نہیں کیا گیا تھا۔ ایک اور رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پولیس نے زمان پارک میں موجود سات کمسن بچوں کو ان کے گھروں کو بھیج دیا ہے۔
پاکستانی میڈیا کی رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ پنجاب حکومت نے فوجی املاک پر حملوں میں ملوث خواتین کو بھی گرفتار کرنے کا حکم دیا ہے لیکن پنجاب کے نگراں وزیر اعلا محسن نقوی نے مرد پولیس اہلکاروں کو خواتین کو گرفتار کرنے سے روک دیا ہے۔ محسن نقوی نے ہدایت دی ہے کہ خواتین کی گرفتاری لیڈیز پولیس کے ذریعے ہونی چاہئے۔
پنجاب حکومت نے مبینہ طور پر جناح حملے میں ملوث خواتین کے لئے خود گرفتاری دینے پر رعایت کا اعلان کیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ نومئی کو لاہور میں عمران خان کی گرفتاری کے بعد بلووں میں ملوث ہونے کے الزام میں پانچ سو سے زائد خواتین مطلوب ہیں۔