Aug ۰۶, ۲۰۲۳ ۱۸:۳۹ Asia/Tehran
  • پاکستان: ہزارہ ایکسپریس کے حادثے میں 37 افراد جاں بحق، 70 سے زائد زخمی

کراچی سے آنے والی ہزارہ ایکسپریس کی 8 بوگیاں نواب شاہ کے قریب پٹری سے اتر گئیں جس کے نتیجے میں 37 افراد جاں بحق اور 70 سے زائد زخمی ہوگئے۔

ریلوے حکام کے مطابق کراچی سے حویلیاں جانے والی ہزارہ ایکسپریس کو سرہاری ریلوے اسٹیشن کے قریب حادثہ پیش آیا، حادثے میں ہزارہ ایکسپریس کی 8 بوگیاں ٹریک سے اتر گئیں۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے میں درجنوں خواتین، مرد اور بچے زخمی ہوئے ہیں۔ حادثے کی اطلاع پر ریسکیو ٹیمیں پہنچ چکی ہیں جبکہ ریلوے حکام اور قریبی علاقوں کے مقامی لوگ امدادی کارروائیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔

نواب شاہ کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے، ویران علاقے میں حادثہ پیش آنے کی وجہ سے امدادی کاموں میں دشواری کا سامنا ہے۔

حادثے کے بعد کراچی سے اندرون ملک جانے اور آنے والے دونوں ٹریک بند کر دیے گئے جبکہ کوٹری سے ریلیف ٹرین جائے حادثہ پر روانہ کی جا چکی ہے۔

وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے حادثے سے متعلق بتایا کہ یہ تخریب کاری بھی ہوسکتی ہے اور مکینیکل فالٹ بھی ہوسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹرین مناسب رفتار سے چل رہی تھی، ابتدائی اطلاعات کے مطابق ٹرین کی رفتار 45 کلومیٹر فی گھنٹہ تھی۔

نواب شاہ ٹرین حادثے کے بعد ریلوے سکھر ڈویژن نے ایمرجنسی انفارمیشن سینٹر قائم کر دیا ہے۔

 

ٹیگس