Aug ۱۰, ۲۰۲۳ ۱۸:۰۴ Asia/Tehran
  • پاکستان: نگراں وزیراعظم کے نام پر اتفاق نہ ہوسکا

اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان نگراں وزیراعظم کے نام پر اتفاق نہ ہونے کی بنا پر مشاورتی ملاقات بے نتیجہ ختم ہوگئی۔

پاکستان کے وزیراعظم شہبازشریف اورقائد حزب اختلاف راجہ ریاض کے درمیان نگراں وزیراعظم کے نام پر مشاورت ہوئی تاہم حتمی نام پر اتفاق نہیں ہوسکا جس کے بعد اب کل دوبارہ مشاورت کی جائے گی۔

وزیراعظم سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض نے بتایا کہ اچھے ماحول میں ملاقات ہوئی لیکن اب تک کسی نام پر اتفاق نہیں ہوسکا، فیصلہ ہوا ہے کہ کل پھر ایک نشست ہوگی۔

راجہ ریاض نے کہا کہ نگراں وزیراعظم کے لئے وزیراعظم کو نام دے دیے ہیں، وزیراعظم میرے دیے گئے ناموں پر غور کریں گے، جب تک کوئی نام فائنل نہیں ہوگا کوئی نام ظاہر نہیں کریں گے۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ کل کی نشست میں کافی چیزیں کلیئر ہوجائیں گی، وزیراعظم کی ایڈوائس پر کل صدر مملکت نے اسمبلی تحلیل کردی ہے، وزیراعظم سے نگراں وزیراعظم کے ناموں پر مشاورت ہوئی ہے، وزیراعظم کو نہیں پتہ تھا کہ میں نے کون سے نام دینے ہیں، مجھے اور وزیراعظم کو مشورہ کرنا ہے۔

راجہ ریاض نے یہ بھی بتایا کہ وزیراعظم سے کہا کہ آپ میرے اور میں آپ کے دیے ناموں پر غور کرتا ہوں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے نگراں وزیر اعظم کے لیے سابق سیکرٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی اور سابق چیف جسٹس آف پاکستان تصدق حسین جیلانی کا نام تجویز کیا ہے جبکہ دیگر ناموں میں صادق سنجرانی، حفیظ شیخ، میاں محمد سومرو، فواد حسن فواد شامل ہیں۔

تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق سیکرٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی وزیراعظم کے لیے مضبوط امیدوار بن گئے۔ ذرائع کے مطابق جلیل عباس جیلانی کے بارے میں قیاس آرائیاں ہیں کہ ان کا نام نگراں وزیراعظم کے لیے منظور کیے جانے کا قوی امکان ہے۔

واضح رہے کہ اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد نگراں وزیراعظم کا نام فائنل کرنے کے لیے 3 دن کا وقت ہے۔ تین دن میں نام فائنل نہ ہوا تو معاملہ پارلیمانی کمیٹی کے پاس چلا جائے گا۔ ملک میں عبوری حکومت کا انتظام دیکھنے کے لیے نگران وزیراعظم کے تقرر پر مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔

 

ٹیگس