Aug ۱۲, ۲۰۲۳ ۱۴:۱۰ Asia/Tehran
  • سینیٹرانوار الحق کاکڑ پاکستان کے نگراں وزیرِاعظم

نگراں وزیرِاعظم کے معاملے پر وزیرِاعظم شہباز شریف سے قائدِ حزب اختلاف نے وزیرِاعظم آفس میں آج ایک بار پھرملاقات کی ۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کے درمیان نگراں وزیراعظم کے نام پر مشاورت کا دوسرا دور ہوا۔ اس سلسلے میں قائد حزب اختلاف راجہ ریاض آج وزیراعظم ہاؤس پہنچے جہاں انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی اور دونوں کے درمیان نگراں وزیراعظم کے نام سے متعلق مشاورت ہوئی۔

ترجمان وزیرِ اعظم آفس کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف اور قائدِ حزب اختلاف راجہ ریاض نے مشترکہ طور پر دستخط کر کے ایڈوائس صدر کو بھجوا دی ہے۔

وزیرِ اعظم آفس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ وزیرِ اعظم نے قائدِ حزب اختلاف کا مشاورتی عمل میں تعاون اور 16 ماہ میں بطور بہترین حزبِ اختلاف کی قیادت پر شکریہ ادا کیا۔

اس حوالے سے قائدِ حزب اختلاف راجہ ریاض نے کہا ہے کہ ہم متفق ہیں کہ جو بھی نگراں وزیرِ اعظم ہو وہ چھوٹے صوبے سے ہو، ہم نے اتفاق کیا ہے کہ انوار الحق کاکڑ نگران وزیرِ اعظم ہوں گے۔

انوار الحق کاکڑ بلوچستان سے 2018 میں سینیٹر منتخب ہوئے اور ان کا تعلق بلوچستان عوامی پارٹی سے ہے۔

انوار الحق کاکڑ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی میں سمندر پار پاکستانی امور کے چیئرمین بھی ہیں۔

 

ٹیگس