Aug ۱۳, ۲۰۲۳ ۱۵:۲۸ Asia/Tehran
  • پاکستان: باجوڑ میں سیکورٹی فورسز کا آپریشن، 8 دہشت گرد ہلاک و زخمی

سیکیورٹی فورسز نے باجوڑ اور شہر گوادر میں خفیہ اطلاعات پر آپریشن کر کے 8 دہشت گردوں کو ہلاک وزخمی اور ایک کو گرفتار کرلیا۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ آپریشن 12 اور 13 اگست کی درمیانی رات دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے تبادلے کے دوران 24 سالہ سپاہی محمد شعیب جاں بحق ہوا۔

اس آپریشن سے متعلق آئی ایس پی آر نے دعویٰ کیا کہ دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث اور بے گناہ شہریوں کے قتل اور خودکش دھماکوں میں سرگرم عمل تھے۔

گوادر میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں ایک دہشت گرد ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سکیورٹی فورسز نے آپریشن کیا، اس دوران دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کر دی، سکیورٹی فورسز سے فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد مارا گیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں تین دہشت گرد زخمی بھی ہوئے ہیں، سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ جمعے کے روز بھی سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے مزبند کے پہاڑی سلسلے میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، آپریشن کے دوران 2 دہشت گرد مارے گئے جبکہ ایک دہشت گرد زخمی ہوا جسے گرفتار کر لیا گیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ کے آخر میں بھی سیکیورٹی فورسز نے خیبر اور جنوبی وزیرستان کے اضلاع میں مختلف کارروائیوں میں 3 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا تھا۔

خیال رہے کہ 13 جولائی کو بلوچستان کے علاقے سوئی میں فوجی آپریشنز کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 3 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا تھا جبکہ مبینہ طور پر سیکیورٹی فورسز پر حملہ کرنے والے 2 دہشت گرد بھی مارے گئے تھے۔

ٹیگس