پاکستان: نگراں حکومت نے آتے ہی عوام پر پیٹرول بم گرا دیا
پاکستان کی نگراں حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 20 روپے فی لیٹر تک اضافہ کردیا ہے۔
پاکستان کی وزارت خزانہ نے آئندہ پندرہ دن کے لئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹی فکیشن جاری کیا جس کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 17 روپے 50 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 20 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔
نوٹی فکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت ساڑھے 17 روپے اضافے کے بعد 290 روپے 45 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 20 روپے اضافے کے بعد 293 روپے 40 پیسے تک پہنچ گئی۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف جماعت اسلامی نے جمعے کو ملک گیر احتجاج کا اعلان کر دیا۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کا کہنا ہے کہ نگراں حکومت نے ماضی کی حکومتوں کے ظالمانہ اقدامات کی توثیق کر دی، پیٹرول کی قیمت میں 20 روپے فی لیٹر اضافہ غریب عوام پر ظلم کی انتہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے کہنے پر حکمراں عوام کا خون نچوڑ رہے ہیں، عوام کی حالت پر رحم کیا جائے اور نگراں حکومت لوگوں کو ریلیف دے۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ قوم ظلم کے خلاف اٹھ کھڑی ہو اور جماعت اسلامی کے پرامن احتجاج کا حصہ بنے۔