پاکستان: محرم الحرام میں ملک بھر میں فوج تعینات کرنے کا فیصلہ
محرم الحرام میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے ملک بھر میں فوج تعینات کرنے کی منظوری دے دی گئی۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کی وفاقی حکومت نے صوبوں کی درخواست پر فوج کو بطور کوئیک رسپانس فورس تعینات کرنے کی منظوری دی ہے۔
وزارت داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کتنی تعدادمیں اور کہاں کہاں فوج تعینات ہونی ہے، فیصلہ صوبے کریں گے، فوج کی واپسی سے متعلق فیصلہ باہمی مشاورت سے کیا جائے گا۔
محرم الحرام میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پنجاب میں فوج اور رینجرزطلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا، ترجمان محکمہ داخلہ کا کہنا تھا کہ فوج اور رینجرز کی 150 کمپنیوں کی خدمات طلب کی گئی ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں حکومت پنجاب نے محرم الحرام کی سیکیورٹی کے پیشِ نظر صوبہ بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی تھی جب کہ حکومت سندھ اور حکومت خیبر پختونخوا نے محرم الحرام میں امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے کراچی اور پشاور میں ایک ماہ کے لیے دفعہ 144 نافذ کی تھی۔