ڈی آئی خان میں مقابلہ : سی ٹی ڈی نے 3 دہشت گرد ہلاک کردیے
پاکستان کے سیکورٹی اداروں نے ایک آپریشن کے دوران 3 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جب کہ ہنگو میں چیک پوسٹ پر فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے
سحرنیوز/پاکستان: خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسمٰعیل خان میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کیے گئے آپریشن کے دوران سی ٹی ڈی نے 3 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ڈی آئی خان میں فائرنگ کے تبادلے میں سی ٹی ڈی اہلکاروں کی فائرنگ سے 3دہشت گرد ہلاک ہوگئے،
تھانہ درابن کی حدود میں سی ٹی ڈی اور دیگراداروں نے مشترکہ کارروائی کی، اس دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
اس حوالے سے سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) کا کہنا ہے کہ سگو پل پر ناکہ لگائے3دہشت گرد سیکیورٹی اداروں سے مقابلے میں مارے گئے۔
واضح رہے کہ رواں سال 4 مئی کو سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے کو تباہ کرتے ہوئے6 شدت پسندوں کو ہلاک کردیا تھا۔
اس سے قبل 29 اپریل کو خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع خیبر میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کے دوران 4 دہشت گرد مارے گئے تھے۔