Dec ۱۷, ۲۰۱۶ ۱۳:۱۹ Asia/Tehran
  •  ایران اور دنیا کے مختلف ملکوں میں جشن میلاد النبی(ص)

پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفی صل اللہ علیہ و آلہ و سلم اور فرزند رسول حضرت امام جعفرصادق علیہ السلام کے یوم ولادت باسعادت کا جشن اسلامی جمہوریہ ایران سمیت پوری دنیا میں انتہائی جوش و عقیدت کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔

سترہ ربیع الاول پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفی صل اللہ علیہ وآلہ وسلم اور بانی مکتب جعفری حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کا یوم ولادت باسعادت ہے- اس پرمسرت موقع پر ایران کے سبھی چھوٹے بڑے شہروں میں جشن کا سماں ہے- ایران کے شیعہ و سنی مسلمانوں نے مساجد، مذہبی مقامات اور سڑکوں، گلیوں اور دوکانوں کو بڑی ہی خوبصورتی کے ساتھ سجایا ہے اور وہ پیغمبر رحمت کی آمد کی مبارک تاریخ کا جشن منا رہے ہیں-

ایران میں اس شاندار جشن میں شیعہ و سنی مسلمانوں کی برابر کی حصہ داری امت اسلامیہ کے اتحاد و یگانگت کا شاندار منظر پیش کر رہی ہے- سترہ ربیع الاول اور ہفتہ وحدت کی مناسبت سے جاری محفلوں میں ذاکرین، اہل بیت عصمت و طہارت، عظمت رسالت و امامت پر روشنی ڈال رہے ہیں- خاص طور پر مشہد المقدس اور قم المقدسہ میں حضرت امام رضا علیہ السلام اور جناب فاطمہ معصومہ قم سلام اللہ علیھا کے حرم مطہر میں عاشقان رسولۖ اور آل رسولۖ کا امڈتا ہوا سیلاب نظر آرہا ہے جو باعث خلقت عالم، رحمت مجسم جناب رسالتمآب صل اللہ علیہ وآلہ وسلم اور فرزند رسول امام جعفر صادق کے یوم ولادت باسعادت کا جشن منا ر ہے ہیں-

اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی حضرت امام خمینی (رہ) نے بارہ سے سترہ ربیع الاول کے ایام کوہفتہ وحدت کا عنوان قرار دیا تھا جس کے بعد سے ہر سال ان ایام میں ایران اور دنیا کے دیگر ملکوں میں ہفتہ وحدت بھی بہت ہی شان و شوکت کے ساتھ منایا جاتا ہے-

جشن خاتم المرسلین کی مناسبت سے پاکستان اور ہندوستان کے بھی سبھی چھوٹے بڑے شہروں میں محلفوں اور جلسوں کا اہتمام کیا گیا ہے اور مختلف شہروں میں مرکزی محافل میلاد کا بھی سلسلہ جاری ہے- شام کے دارالحکومت دمشق کے سیدہ زینب سے موسوم علاقے میں واقع جناب زینب کبری سلام اللہ علیھا کے حرم مطہر میں بھی سرور کائنات حضرت محمد مصطفی صل اللہ علیہ وآلہ وسلم اور فرزند رسول حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کے یوم ولادت باسعادت اورہفتہ وحدت کی مناسبت سے انتہائی شاندار محفل جشن کا اہتمام کیا گیا-

دمشق سے ہمارے نمائندے نے خبر دی ہے کہ اہل بیت عصمت و طہارت کے ہزاروں شیدائیوں نے جن میں شیعہ و سنی سبھی شامل تھے، جناب زینب سلام اللہ علیھا کے حرم میں منعقدہ جشن اور محفل میلاد میں حصہ لیا اور اس مبارک جشن کو بے حد کامیاب بنایا- جشن میں شریک ایک سعودی زائر محمد الحسین نے اس عید سعید کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اصل اسلام اور مکتب اہل بیت سے متمسک رہ کر ظلم کے مقابلے میں ہم پوری قوت کے ساتھ ڈٹے رہیں گے اور ایک دن وہ آئے گا جب آل سعود کے مقابلے میں فتح ہماری ہو گی- سیدہ زینب علاقے کے ایک اہل سنت عالم اسعد الخطیب نے بھی کہا کہ ہفتہ وحدت کا جشن دشمنوں اور تکفیریوں کا منہ توڑ جواب ہے جو مسلمانوں میں اختلاف و تفرقہ پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ٹیگس