Jan ۳۱, ۲۰۱۷ ۲۲:۳۹ Asia/Tehran
  • عشرۂ فجر کا آغاز

تحریر: م۔ ہاشم

12 بہمن  بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی (رح) کی ایران واپسی کا تاریخی دن ہے۔  آج سے 38 سال پہلے حضرت امام خمینی (رح) طویل جلاوطنی کے بعد ایران تشریف لائے تھے۔ ایران واپسی پر ایران کے عوام نے اپنے محبوب رہنما کا بے نظیر استقبال کیا تھا کیونکہ عوام حضرت امام خمینی(رح) کا بڑی بے چینی سے انتظار کررہے تھے تاکہ اسلامی انقلاب کامیاب اور ظالم شاہی حکومت کا خاتمہ ہو۔ یہ وہ دن تھا جب ظالم و جابر شاہی حکومت کے خلاف ایرانی عوام کا جوش و جذبہ اپنے عروج کو پہنچ چکا تھا اور اسلامی انقلاب کی کامیابی نزدیک تھی۔

12 بہمن کے تاریخی دن کی مناسبت سے آج پورے ایران میں جشن اور تقریبات کا انعقاد کیا گیا نیز عشرۂ فجر کا بھی آغاز ہوگيا۔ پورے ایران میں عشرۂ فجر کی تقریبات کا آغاز آج (31 جنوری) صبح اس تاریخی لمحے سے ہوا جس لمحے بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی (رح) نے آج سے ٹھیک 38 سال پہلے سرزمین ایران پر قدم رکھا تھا۔ اس سلسلے میں مرکزی تقریبات دارالحکومت تہران میں منعقد ہوئيں۔ اس موقع پر تہران میں ہوائي اڈے سے قبرستان بہشت زہرا تک کے راستے میں پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئيں۔ عشرۂ فجر کی تقریبات کا آغاز بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی(رح) کے روضۂ مقدس کے احاطے میں ہوا۔ عشرۂ فجر کی تقریبات میں عوام کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شہدا کے اہل خانہ اور اسلامی جمہوریہ ایران کے سول اور فوجی عہدیدار بھی تقریبات میں شریک تھے۔

ادھر ایران کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں اور دیہاتوں میں بھی عشرہ فجر کی مناسبت سے تقریبات منعقد ہوئيں جن میں عوام نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ قابل ذکر ہے کہ مذکورہ تقریبات کی رپورٹنگ کے لئے 550 سے زیادہ نامہ نگار اور کیمرہ مین موجود تھے۔

واضح رہے کہ12 بہمن سنہ 1357 ہجری شمسی  مطابق یکم فروری 1979ع کو بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی (رح) 15 سال کی جلا وطنی کے بعد ایران واپس تشریف لائے اور بہادر، غیور اور جانثار ایرانی قوم نے آپ کا بے نظیر و بے مثال اور تاریخی استقبال کیا۔ آپ کی ایران واپسی سے اسلامی انقلاب کی کامیابی کی راہ ہموار ہوگئي۔ یہ کہا جا سکتا ہے کہ شاید ہی تاریخ کے کسی دور میں عوام نے اپنے محبوب رہنما کا اس طرح استقبال کیا ہو۔

امام خمینی (رح) نے تہران پہنچ کر مہرآباد ہوائي اڈے پر مختصر تقریر کی اور قوم کا شکریہ ادا کیا۔ امام خمینی(رح) اسلامی انقلاب کے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے قبرستان بہشت زہرا تشریف لے گئے جہاں انہوں نے اپنی تقریر میں فرمایا کہ میں اس قوم کے تعاون اور حمایت سے حکومت قائم کروں گا۔ امام خمینی (رح) نے بہشت زہرا سے لوٹنے کے بعد تہران میں ایک معمولی سے گھر میں سکونت اختیار کی اور انقلاب اسلامی کی قیادت فرماتے رہے۔

 

 

ٹیگس