Feb ۰۶, ۲۰۱۷ ۲۲:۵۴ Asia/Tehran
  • 19 بہمن یوم فضائيہ

تحریر: م۔ ہاشم

19 بہمن کو ایران کے اسلامی انقلاب کی تاریخ میں ایک خاص اہمیت حاصل ہے۔ 19 بہمن 1357 ھ ش (مطابق 8 فروری 1979 ع) کو ایرانی فضائیہ کے افسران بڑی تعداد میں بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی(رح) کی خدمت میں پہنچے اور ان افسران نے امام خمینی (رح) اور اسلامی انقلاب کی حمایت کا اعلان کیا۔

19 بہمن 1357 ھ ش، یہ وہ وقت تھا جب ایران میں اسلامی انقلابی تحریک اپنے عروج پر تھی اور حضرت امام خمینی (رح) کی شجاعانہ اور مدبرانہ قیادت میں اسلامی انقلاب کی کامیابی بہت نزدیک تھی۔ تمام حالات تیزی سے رونما ہونے والی اہم تبدیلی کی غمازی کر رہے تھے۔ اسی دوران اپنی مخصوص وردی میں ملبوس ایرانی فضائیہ کے بہت سے غیور افسران امام خمینی (رح) کی خدمت میں حاضر ہوئے اور انہوں نے امام خمینی (رح) اور اسلامی انقلاب کے تئيں اپنی حمایت کا واضح طور پر اعلان کیا۔

اس موقع پر بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی (رح) نے فضائیہ کے افسران سے خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ  ”آج آپ لوگ قرآن سے آ ملے ہیں۔ قرآن آپ کا محافظ ہے۔ مجھے امید ہے کہ آپ کی مدد سے ہم ایران میں اسلامی حکومت قائم کر سکیں گے۔“

یہ تاریخی ملاقات اس بات کا ثبوت تھی کہ ایرانی فوج میں انقلابی اور نظریاتی افراد موجود ہیں۔ یہ ایسی ملاقات تھی جس سے شاہی حکومت شدید خوف و ہراس کا شکار ہو کر رہ گئي۔ اسی تاریخی ملاقات کی مناسبت سے اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد 19 بہمن کو ایران میں ہر سال یوم فضائیہ منایا جاتا ہے۔

اسی دن یعنی 19 بہمن 1357 ھ ش کو عوام نے امام خمینی (رح) کی دعوت کو قبول کرتے ہوئے ایران کے مختلف شہروں میں وسیع پیمانہ پر ریلیاں نکالیں اور شاہی حکومت کے خاتمہ تک اپنی جدو جہد جاری رکھنے کا اعلان کیا۔ اس سے ایک دن پہلے، 18 بہمن کو، ایرانی عوام نے بڑی تعداد میں بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی (رح) سے تہران میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کرکے امام خمینی(رح) سے تجدید عہد اور وفاداری کا اعلان کیا تھا۔ اسی دن فوجیوں کا ایک گروپ بھی فوجی وردی میں ملبوس ہوکر حضرت امام خمینی (رح) کی خدمت میں حاضر ہوا تھا اور امام خمینی (رح) کو فوج کا سپریم کمانڈر تسلیم کرتے ہوئے آپ سے اپنی وفاداری کا اعلان کیا تھا۔

واضح رہے کہ حضرت امام خمینی (رح) 12 بہمن 1357 ھ ش مطابق یکم فروری 1979ع کو 15 سال کی جلا وطنی کے بعد ایران تشریف لائے تھے۔ ایران تشریف لانے پر ایرانی عوام نے امام خمینی (رح) کا تاریخی اور بے مثال استفبال کیا تھا۔

 

 

 

ٹیگس