پاکستانی سائنسداں کو ملا المصطفی ایوارڈ-2021
اسلامی ممالک کی سائنسی تنظیم کامسٹیک کے سربراہ اور آئی سی سی بی ایس کے صدر ڈاکٹر اقبال چوہدری نے تہران میں المصطفی ایوارڈ حاصل کر لیا۔
بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی کے سربراہ اور کامسٹیک کے کوارڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹرمحمد اقبال چوہدری کو بائیو آرگینگ کیمسٹری کے شعبے میں گرانقدر خدامت کے اعتراف میں مسلم دنیا کے سب سے بڑے سائنس اور ٹیکنالوجی کے اعزاز ” المصطفیٰ (ص) ایوارڈ برائے 2021“ سے نوازا گیا۔
پروفیسر اقبال چوہدری مصطفیٰ (ص) پرائزکی تقریبِ تقسیمِ انعامات میں شرکت کے لیے 18 اکتوبر کو ایران تشریف لائے تھے۔ تقریب کا انعقاد 21 اکتوبر کو تہران شہر کے وحدت ہال میں ہوا۔
المصطفیٰ (ص) ایوارڈ کو مسلم دنیا کا نوبل پرائز تصور کیا جاتا ہے جسے سائنسدانوں کی حوصلہ افزائی کے لیے 2012 میں عالمی سطح پر سائنسی امتیاز کے طور قائم کیا گیا تھا جو دو سال میں ایک مرتبہ چار مختلف زمروں بشمول لائف اینڈ میڈیکل سائینسز اینڈ ٹیکنالوجی، نینو سائنس، نینو ٹیکنالوجی، انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، اور سائینس اور ٹیکنالوجی کے تمام شعبہ جات میں دیا جاتا ہے، اس سال یہ انعام پاکستان، ایران، بنگلہ دیش، لبنان اور مراکش کے سائنسدانوں کو متعلقہ شعبہ جات میں دیا گیا جس کے تحت ایک سائنسدان کو پانچ لاکھ ڈالر بطور انعام دیا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ پروفیسر اقبال چوہدری نےنامیاتی (آرگینک) اور حیاتی نامیات( بائیو آرگینک) کیمسٹری کے شعبے میں گراں قدر خدمات انجام دی ہیں اس ضمن میں ان کی تقریباً 1175 سائنسی اشاعتیں بین الاقوامی سطح پر شائع ہوچکی ہیں، امریکہ اور یورپ میں انکی تحریرو ادارت کردہ 76 کتب شائع ہوچکی ہیں۔
اس کے علاوہ 40 انٹرنیشنل اور یو ایس پیٹینٹ بھی قابل ذکر ہیں۔ مزید بر آں ڈاکٹرمحمد اقبال چوہدری کیمیاء سے متعلق متعدد غیرملکی کتب و جرائد کے مدیر ہیں جبکہ ان کے سائنسی کام کو 27 ہزار مرتبہ بطور حوالہ پیش کیا گیا ہے, بین الاقوامی اعزازات کے حامل ہونے کے ساتھ ساتھ ان کو حکومتِ پاکستان کی جانب سے تمغہ امتیاز، ستارہ امتیازاور ہلالِ امتیاز بھی عطا کیا جاچکا ہے، پروفیسر اقبال چوہدری وزیراعظم پاکستان کی زیرِ نگرانی قومی کمیشن برائے سائنس اور ٹیکنالوجی کے رکن بھی ہیں۔