رزق کا احترام ہر حال میں واجب ہے
آجکل سوشل میڈیا پر جرمنی کی فٹبال ٹیم میں شامل ترک نژاد مسلمان کھلاڑی مسعود اوزیل کی ایک ویڈیو کلپ کے چرچے ہیں۔ اوزیل نے میچ کے دوران رزق کی حرمت کی قابل تقلید مثال قائم کردی
یہ واقعہ برطانیہ میں ہونے والی یورپا لیگ میں آرسنل اور اٹلیٹکو میڈرڈ کے درمیان سیمی فائنل کے دوران پیش آیا جب آرسنل کی نمائندگی کرنے والے مسعود اوزیل پر مخالف کلب کے تماشائی نے ڈبل روٹی کا ٹکرا پھینک دیا۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مسعود نے ایک لمحے کے توقف کے بعد آگے بڑھ کر روٹی کے ٹکرے کو اٹھایا، اسے چوما، ماتھے سے لگایا اور پھر احتراما میدان سے باہر کونے میں رکھ دیا۔
مسعود کی یہ ویڈیو دنیا بھر میں وائرل ہوگئی اور ان کے اس اسلامی تعلیمات کے عین مطابق انسانی عمل کو انتہائی پسندیدگی کی نگاہ سے دیکھا گیا۔
مسعود اوزیل کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ اپنے میچ سے پہلے قرآن کی تلاوت کرتے ہیں۔ جرمن میڈیا کو ایک انٹرویو میں مسعود اوزیل نے کہا تھا کہ وہ میدان میں اترنے سے پہلے ہمیشہ تلاوت کرتے اور دعا مانگتے ہیں، اس دوران ان کے ساتھی بھی ان سے بات نہیں کرسکتے۔