علمدار کربلا کا عالمی جشن ولادت
علمدار کربلا حضرت ابوالفضل العباس علیہ السلام کا جشن ولادت پوری دنیا بالخصوص عراق کے مقدس شہروں منجملہ کربلائے معلی اور ایران کے مختلف شہروں منجملہ مشہد مقدس و قم المقدسہ میں بہت ہی جوش و خروش کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔
قمربنی ہاشم حضرت ابوالفضل العباس علیہ السلام چار شعبان المعظم چھبیس ہجری قمری کو مدینہ منورہ میں اس دنیا میں تشریف لائے۔ آپ کے معروف القاب قمر بنی ہاشم، علمدار کربلا، غازی اور باب الحوائج ہیں۔ ان کے علاوہ بھی آپ کے بہت سے القاب ہیں جو آپ کی عظیم المرتبت شخصیت کی عکاسی کرتے ہیں۔
حضرت ابوالفضل العباس علیہ السلام کی ولادت باسعادت کے موقع پرعراق، ایران، پاکستان، ہندوستان، لبنان، شام اور دنیا کے مختلف ملکوں سے دسیوں لاکھ زائرین کربلائے معلی اور نجف اشرف پہنچے ہیں جو اس عظیم الشان جشن میں شریک ہیں۔ ہندوستان اور پاکستان کے معروف شعرائے کرام بھی علمدار کربلا حضرت ابوالفضل العباس علیہ السلام کے حضور نذرانہ عقیدت پیش کر رہے ہیں۔
اس پرمسرت موقع پر اسلامی جمہوریہ ایران بھی سراپا جشن و نور و سرور ہے۔ ایران میں مقدس مقامات، مساجد امامبارگاہوں، سڑکوں، عمارتوں اور دوکانوں کو برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے جبکہ مساجد، امامبارگاہوں اور مقدس مقامات میں محفل میلاد کا سلسلہ جاری ہے۔
اس سلسلے کا مرکزی جشن مشہد مقدس میں حضرت امام رضاعلیہ السلام کے روضہ مطہر میں جاری ہے جہاں ایران اور دنیا کے ملکوں کے لاکھوں کی تعداد میں زائرین موجود ہیں۔ قم میں حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا کے روضہ اطہرمیں بھی محفل جشن جاری ہے جس میں بڑی تعداد میں زائرین اور پیروان اہلبیت شریک ہیں۔
پاکستان اور ہندوستان میں بھی سرکار وفا حضرت ابوالفضل العباس کی ولادت کا جشن انتہائی جوش و عقیدت کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔