چوتھے ون ڈے میچ میں آسٹریلیا کی ہندوستان پر برتری
آسٹریلیا نے چوتھے ون ڈے میچ میں ہندوستان کو پچیس رن سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں چار صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔
سحرعالمی نیٹ ورک کی اسپورٹس ڈیسک کے مطابق چوتھے ون ڈے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ پچاس اوور میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر تین سو اڑتالیس رن بنائے۔
آسٹریلیا کے ایرون فنچ نے شاندار سینچری اسکور کر کے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے دو چھکوں اور نو چوکوں کی مدد سے ایک سو سات رن بنائے ۔ ڈیوڈ وارنر سات رن کے فاصلے سے سینچری مکمل نہ کرسکے اور ترانوے رن بنا کر آوٹ ہوگئے۔
اسمتھ نے سب سے زیادہ اکیاون رن بنائے۔ ہندوستان کی جانب سے ایشانت شرما نے ستتر رن دیکر چار وکٹیں حاصل کیں جبکہ امیش یادوو نے سڑسٹھ رن دیکر تین وکٹیں حاصل کیں۔
ہندوستان کی پوری ٹیم انچاس اعشاریہ دو اوور میں تین سو تئیس رن بنا کر آوٹ ہوگئی ۔ہندوستان کی جانب سے اچھی اوپنگ کا آغاز ہوا تاہم روہت شرما پینسٹھ رن کے مجموعی اسکور پر اکتالیس رن بنا کر آوٹ ہوگئے۔
ان کے بعد شیکھر دھون اور ویرات کوہلی نے دوسری وکٹ کی شراکت میں دوسو بارہ رن بنا کر میچ کو سنسنی خیز بنا دیا۔
شیکھر دھون نےدو چھکوں اور چودہ چوکوں کی مدد سے ایک سو چھبیس رن بنائے جبکہ ویرات کوہلی نے ایک چھکے اور گیارہ چوکوں کی مدد سے ٹیم کے اسکور میں ایک سو چھے رن کا اضافہ کیا۔
آسٹریلیا کی جانب سے کین رچرڈسن نے پانچ وکٹیں حاصل کیں جبکہ ہیسٹنگز اور مچل مارش نے دو دو اور نیتھن لیون نے ایک ہندوستانی کھلاڑی کو آوٹ کیا۔
پانچ میچوں کی اس سیریز میں آسٹریلیا کو چار صفر کی برتری حاصل ہے اور ہندوستان کو وائٹ واش سے بچنے کیلئے پانچویں میچ میں لازمی فتح حاصل کرنا ہوگی۔