موسم کی تبدیلی پر تہران میں کانفرنس
Jan ۲۵, ۲۰۱۶ ۱۵:۵۰ Asia/Tehran
موسمیاتی تبدیلیوں کے بارے میں پانچویں علاقائی کانفرنس پیر سے تہران میں شروع ہو گئی۔
زمین کی حدت میں اضافہ اور خطے پر پڑنے والے مضر اثرات میں کمی کے زیرعنواں ہونے والی اس دو روزہ کانفرنس میں ملکی اور غیر ملکی ماہرین شرکت کر رہے ہیں۔ کانفرنس میں دنیا میں گرد و غبار اور قحط جیسے معاملات پر غور کیا جا رہا ہے۔
کانفرنس کے ایگزیکٹیو سیکریٹری سحر تاج بخش نے بتایا ہے کہ موسم کی پیش گوئی، موسمیاتی معلومات کا تجزیہ، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کا مقابلہ کرنے کے سازگار طریقے، کانفرنس کے ایجنڈے میں شامل تین اہم موضوعات ہیں۔
تہران میں جاری اس دو روزہ کانفرنس میں مختلف ملکوں کے تحفظ ماحولیات کے اداروں کے سربراہ اور محکمہ موسمیات کے نمائندوں کے علاوہ یونسکو کے نمائندے بھی شریک ہیں۔