Apr ۰۵, ۲۰۱۶ ۱۸:۴۴ Asia/Tehran
  • پاکستان: سرفراز احمد کو ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کا کپتان بنائے جانے کا اعلان

پاکستان کرکٹ بورڈ نے وکٹ کیپر بلّے باز سرفراز احمد کو ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کا کپتان بنانے کا اعلان کر دیا جبکہ سابق کپتان عمران نے خان نے کہا ہے کوچ یا کپتان بدلنے سے پاکستان کے کرکٹ میں بہتری نہیں آئے گی۔

سرفراز احمد کو ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا کپتان مقرر کئے جانے کے بعد پی سی بی کے چیئرمین شہریار خان کا کہنا تھا کہ سرفراز احمد کو کپتان مقرر کرنے کے فیصلے سے آگاہ کر دیا گیا ہے اور ہماری نیک خواہشات ان کے ساتھ ہیں۔

دو روز قبل پاکستان ٹی ٹوئنٹی کے کپتان شاہد آفریدی نے ٹیم کی کپتانی سے استعفی دے دیا تھا۔

دوسری جانب پاکستان کی قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ وقار یونس نے بھی اپنے عہدے سے استعفی دے دیا ہے۔

اس درمیان پاکستان کی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عمران خان نے کہا ہے کہ جب تک پاکستانی کرکٹ کا بنیادی ڈھانچہ ٹھیک نہیں کریں گے اس وقت تک کرکٹ میں کوئی بہتری نہیں آئے گی۔

عمران خان نے اسلام آباد میں ایک کرکٹ کیمپ میں فاسٹ بالروں کو مفید مشورے دینے کے بعد میڈیا سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے کرکٹ کا ڈھانچہ ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ کوئی اس غلط فہمی میں نہ رہے کہ کوچ، منیجر، سلیکٹروں یا کپتان کے جانے سے کوئی فرق پڑے گا۔

عمران خان نے ہندوستانی کرکٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستان نے اپنا کرکٹ ٹھیک کر لیا ہے اور اگر ہم نے اصلاح نہیں کی تو ہمارے اور ہندوستان کے کرکٹ کے درمیان فاصلے بڑھتے جائیں گے۔

ٹیگس