یورو کپ:پرتگال نے کروشیا کو شکست دے دی
یورو کپ کے ناک آؤٹ راؤنڈ میں پرتگال نے کروشیا کو ایک صفر سے ہرا کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی،جبکہ پولینڈ اور ویلزکی ٹیم بھی کوارٹر فائنل میں پہنچ گئیں۔
یورو کپ کے ناک آؤٹ راؤنڈ میں پرتگال اور کروشیا کے درمیان میچ مقررہ وقت تک بغیر کسی گول کے برابر رہا،جس کے بعد تیس منٹ کا اضافہ وقت دیا گیا۔
میچ میں کروشیا کو فیورٹ قرار دیا جا رہا تھا کیونکہ یہ اپنے گروپ میں اسپین کو ہرا کر ٹاپ پوزیشن میں تھا ۔تاہم رونالڈو کی پرتگال ٹیم نے میدان مار لیا۔
مگر مرد میدان رونالڈو نہیں بلکہ ریکارڈو کورزما نکلے۔ رکارڈو کورزما نے 117 ویں منٹ میں گول کر کے اپنی ٹیم کو کامیابی دلائی ۔ شکست کے بعد کروشیا کے کھلاڑی پھوٹ پھوٹ کر رونے لگے۔
دوسری جانب ویلز نے شمالی آئرلینڈ کو ایک صفر سے مات دی، 75 ویں منٹ میں ویلز کے ایک حملے کے دوران گیند کلیئر کرنے کی کوشش میں آئرش کھلاڑی نے گیند اپنے ہی گول میں پہنچا دی اور پولینڈ نے سوئزرلینڈ کو پنالٹی ککس پر ہرا کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی۔