فٹبال کی دنیا کے سپر اسٹار نے کنارہ کشی کا اعلان کردیا
کوپا امریکا کپ کے فائنل میں چلی کے ہاتھوں مسلسل دوسری بارشکست کے بعد ارجنٹائن کے سپر اسٹار کھلاڑی اور کپتان لیونل میسی نے انٹرنیشنل فٹ بال سے سبکدوش ہونے کا اعلان کردیا۔
اپنی ٹیم کے لیے پہلی پینلٹی ضائع کرنے والے لیونل میسی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے انتہائی غم انگیز لہجے میں کہا کہ "میں سمجھتا ہوں کہ ٹیم سے نکلنے کا وقت آگیا ہے اور میں نے فیصلہ کرلیا ہے کہ ارجنٹائن کی ٹیم کو چھوڑ دیا جائے۔"
میسی نے ایک سو بارہ قومی میچوں کے دوران پچپن گول کیے وہ ارجنٹائن کی جانب سے انٹرنیشنل فٹ بال مقابلوں میں سب سے زیادہ گول کرنے کا اعزاز رکھتے ہیں۔ انہوں نے پانچ بار دنیا کے بہترین فٹبالر ہونے کا اعزازبھی حاصل کیا لیکن میسی کی قیادت میں ارجنٹائن کی ٹیم کو مسلسل چوتھے میگا ایونٹ میں شکست ہوئی۔
انتیس سالہ لیونل میسی نے کہا کہ "پچھلے ایک برس کے دوران ارجنٹائن کی ٹیم نے کافی ترقی کی ہے اور ہم طاقتور بھی ہوئے لیکن افسوس کہ اہم ایک کپ بھی حاصل نہیں کرسکے۔"
واضح رہے کہ نیو جرسی میں ہونے والے کوپا امریکا کپ کے فائنل میں چلی نے اعصاب شکن مقابلے کے بعد ارجنٹائن کو ہرایا۔ پہلے اور دوسرے ہاف میں دونوں میں سے کوئی بھی ٹیم گول نہ کر پائی جس کے بعد دونوں ٹیموں کو اضافی وقت بھی دیا گیا لیکن اس کے باوجود میچ نتیجہ خیز نہ ہوسکا۔ جس کے بعد پینلٹی کی بنیاد پرچلی کی قمست کا پلڑا بھاری رہا اور اس نے ارجنٹائن کو دو کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے دی۔