یوروکپ: ناک آوٹ مرحلہ، انگلینڈ کو آئس لینڈ کے ہاتھوں شکست
یوروکپ کے ناک آوٹ مرحلے میں انگلینڈ بھی ٹورنامنٹ سے باہر ہو گیا۔
آئس لینڈ نے انگلش ٹیم کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی، جبکہ اٹلی اور بیلجیم بھی اپنے میچز جیت کر اگلے مرحلے میں پہنچ گئے۔
یوروکپ کے ناک آؤٹ راؤنڈ میں، انگلینڈ اور آئس لینڈ کے میچ کا آغاز انتہائی دلچسپ رہا۔ چوتھے ہی منٹ میں انگلش کھلاڑی وائن رونی نے پنیلٹی کک پر گول کرکے انگلینڈ کو برتری دلا دی لیکن دو ہی منٹ بعد آئس لینڈ کے ڈفینڈر راگنار سگرڈسن نے گول داغ کر حساب چکتا کر دیا۔
آئس لینڈ کے گول کے بعد میچ سنسنی خیز ہو گیا،اٹھارویں منٹ پر انگلش مداحوں کی سانسیں اس وقت تھم گئیں، جب آئس لینڈ کے کولبین نے ڈاڈی بوڈوَرسن سے ملنے والا پاس گول میں پہنچا دیا۔
اس کے بعد انگلش کھلاڑ ی لاکھ کوششوں کے باوجود، کوئی گول نہ کر سکے۔ مقررہ وقت ختم ہوا اور انگلش ٹیم ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی، جبکہ آئس لینڈ کے مداح جشن میں مگن ہو گئے۔
ہار کے بعد انگلینڈ کے کوچ نے استعفے کا اعلان کر دیا۔ اس سے قبل اٹلی نے اسپین کو دو صفر سے ہراکر ناک آوٹ کیا۔ جبکہ بیلجیئم نے ہنگری کو صفر کے مقابلے میں 4 گول سے مات دی۔