افغان فٹ بال کی ترقی و پیشرفت کے لئے ایران کی کوشش
ایران کی فٹ بال فیڈریشن کے سربراہ نے گزشتہ روز ایران کے دورے پر آئے ہوئے افغان وزیر کھیل اور افغان نیشنل اولمپک کمیٹی کے عہدیداروں سے ملاقات میں کہا کہ ہم افغان فٹ بال کی ترقی اور پیشرفت کے لئے تیار ہیں۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی فٹ بال فیڈریشن کے سربراہ شہاب الدین خادم نے اس ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان لسانی اور ثقافتی مشترکات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مجھے افغانستان کے اسپورٹس کے عہدیداروں سے مل کر بہت خوشی ہوئی جو ثقافتی ، سماجی اور لسانی لحاظ سے ہمارے بہت قریب ہیں۔
شہاب الدین خادم نے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ ایرانی فٹ بال کے افغانستان میں بہت زیادہ مداح ہیں اور عام طور پر افغان عوام فٹ بال میں بہت دلچسپی رکھتے ہیں۔ یقینی طور پر مشترکہ مفادات اور اہداف کے ساتھ ہم دونوں ممالک میں فٹ بال کے میدان میں بہت سی کامیابیاں حاصل کرسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی فٹ بال فیڈریشن اپنے دوست اور برادر ملک افغانستان کی ہر طرح سے حمایت کرنے کیلئے تیار ہے۔
افغان قومی اولمپک کمیٹی کے چیئرمین اور افغانستان کے وزیر کھیل حفیظ اللہ ولی رحمی نےاس موقع پر کہا کہ ہم نے دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تعلقات کے مقصد سے ایرانی وزارت کھیل کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے جوایشیاء اور دنیا میں ہمارے کھیلوں کی ترقی کا باعث بنے گی۔